حکومت بناسپتی مینو فیکچررز کو سہولت فراہم کرے گی، صوبائی وزیر

53

کراچی () وزیر صنعت و تجارت سندھ جام اکرام دھاریجو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت پنجاب سے تعلق رکھنے والے وناسپتی مینوفیکچررز کو کراچی میں صنعتیں لگانے کیلئے سہولیات فراہم کرے گی۔ حکومت اس سلسلے میں صنعتی زونز کا قیام پہلے ہی عمل میں لاچکی ہے۔ صنعتیں لگانے والوں کو انفرااسٹرکچر، سیکیورٹی اور بہتر یوٹیلیٹی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں پی وی ایم اے کے چیئرمین شیخ عمر ریحان، سینئر وائس چیئرمین اسجد عارف، وائس چیئرمین خالد اسلام، مسعود پرویز، باسط اکرام، میاں نوید، اویس کرنی، حامد علی ملک، سمین جان، کائنات رضا، حامد وحید، احمد غلام حسین سمیت پنجاب اور خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے مینوفیکچررز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیر صنعت و تجارت سندھ جام اکرام دھاریجو نے کہا کہ پی وی ایم اے کے چیئرمین شیخ عمر ریحان ایک متحرک صنعتکار اور رہنما ہیں، کاٹی کے صدارت کے دوران ان کی تجاویز پر سندھ حکومت نے عملدرآمد کیا جس کا فائدہ بزنس کمیونٹی کو پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل باڈی اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مینوفیکچررز کراچی میں صنعتیں لگانے میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں جس کیلئے انہیں ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ جام اکرام دھاریجو نے کہا کہ صنعتکار خاص طور پر وناسپتی مینوفیکچررز کے مسائل پر بھی چیئرمین پی وی ایم اے سے مشاورت ہوئی جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ سب سے اہم مسئلہ انفرااسٹرکچر اور پانی کی قلت کا ہے جسے ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کی قیادت میں صوبائی حکومت صنعتکاروں کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ اس سے قبل پی وی ایم اے کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے جنرل باڈی اجلاس میں شرکت کرنے پر وزیر صنعت و تجارت سندھ جام اکرام دھاریجو اور پاکستان بھر سے وناسپتی مینوفیکچررز کی بڑی تعداد میں شرکت کرنے پر تشکر کا اظہار کیا۔