پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانسیسی حکام نے کہا ہے کہ رودبار انگلستان عبور کر کے برطانیہ جانے کی کوشش کرنے والے 4 تارکین وطن ہلاک ہوگئے جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔ خبررساں اداروں کے مطابق فرانس کے وزیر داخلہ برونو ریٹیلیو نے کہا کہ ہلاکتوں کی ذمے داری انسانی اسمگلروں پر عائد ہوتی ہے جب کہ برطانوی اور فرانسیسی حکام اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ واقعات ممکنہ طور پر کشتی کا انجن فیل ہونے کے باعث پیش آئے۔ اسمگلنگ میں ملوث عناصر برطانیہ میں بہتر زندگی کی امید میں تارکین وطن کے بڑے گروہوں کو تیزی سے غیر محفوظ کشتیوں میں منتقل کر رہے ہیں۔ فرانسیسی کوسٹ گارڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ہلاکتیں 2مختلف واقعات میں ہوئیں۔ پہلے واقعے میں ایک کشتی میں 15 افراد کو ریسکیو کیا گیا تاہم ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھیجی گئی میڈیکل ٹیم 2 سالہ بچے کو بچانے میں ناکام رہی جسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ دوسرا واقعہ بھی ایک چھوٹی کشتی کا انجن فیل ہونے کے سبب پیش آیا جس میں 2 مرد اور ایک خاتون ہلاک ہوئی،جب کہ درجنوں تارکین وطن پانی میں گرگئے لیکن انہیں بچا لیا گیا۔اس دوران 71 افراد کو ریسکیو کیا گیا جن میں سے 3 افراد کی حالات تشوشناک بتائی گئی۔ فرانسیسی حکام کے مطابق رواں برس 57 تارکین وطن برطانیہ پہنچنے کے لیے چینل عبور کرنے کی کوشش میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔