سندھ فوڈ اتھارٹی کی ملیر میں بڑی کارروائی،چاکلیٹ بنانے والی فیکٹری سیل

50

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر خوراک جام خان شورو کی ہدایت پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے ملیر میں ایک بڑی کارروائی کے دوران مضر صحت چاکلیٹ بنانے والی فیکٹری پر چھاپا مارا۔ یہ چھاپہ انچارج ملیر ندیم اصغر شر کی قیادت میں ملیر اور ٹھٹہ کی ٹیم نے مشترکہ طور پر انجام دیا۔ کارروائی کے دوران فیکٹری سے 500 کلو سے زائد ایکسپائر چاکلیٹ بنانے کا خام مال برآمد کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی، مزمل حسین ہالیپوٹو، نے بتایا کہ فیکٹری میں زائد المعیاد اشیاء￿ سے مضر صحت چاکلیٹ تیار کی جا رہی تھی۔ مزمل حسین ہالیپوٹو نے مزید بتایا کہ فیکٹری کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور وہاں سے ملنے والی ایکسپائر چاکلیٹس، رینسڈ آئل، اور کریم کو تلف کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پروسیسنگ ایریا میں انتہائی گندگی اور خام مال کو سٹور کرنے کے ناقص انتظامات موجود تھے، جس کی وجہ سے عوام کی صحت کو خطرہ لاحق تھا۔ مزمل حسین ہالیپوٹو نے مزید کہا کہ کارخانے پر 5 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کر کے اسے سیل کیا گیا۔ مزمل حسین ہالیپوٹو نے واضح کیا کہ بچوں کی صحت پر کسی صورت میں سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کو صحت مند خوراک کی فراہمی کے لیے صوبہ بھر میں کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔