ہاکی کھلاڑی حنان شاہد کو 10لاکھ روپے انعام سے نواز دیا گیا

266

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)لاہورکے ایک تاجر نے پاکستان ہاکی کے نوجوان فارورڈ حنان شاہد کو بہترین کارکردگی پر 10لاکھ روپے کا چیک پیش کردیا۔حنان شاہد کو انعامی چیک ایشین ہاکی چیمپئنز ترافی میں شادنار کارکردگی پر پیش کیا گیا۔لاہور کے تاجر طاہر سعید بٹ نے حنان شاہد کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں نوجوان کھلاڑی کی عزت افزائی کی گئی۔ حنان شاہد کا کہنا ہے کہ نجی سطح پرقومی کھلاڑیوں کی اس طرح کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے۔ انعام ملنے سے بہت حوصلہ ملتا ہے اور اعتماد میں بھی اضافہ ہوتاہے۔ کوشش ہوگی کہ آئندہ ایونٹس میں مزید بہتر کھیل پیش کرکے پاکستان کی کامیابیوں میں کرادار ادا کروں۔حنان شاہد نے بتایا کہ ہاکی ہمارا خاندانی کھیل ہے اور کوشش ہوتی ہے کہ ہر میچ میں پہلے سے زیادہ اچھی کارکردگی دیکر پاکستانی ٹیم کی جیت میں اپنا حصہ ڈالوں۔ اب اگلا ہدف جونیئر ورلڈکپ جیت کر پاکستان لانا ہے۔ ہمارے پاس ابھی تیاری کا بہت وقت ہے۔ اس سے پہلے 2 ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکا ہوں۔ اس مرتبہ اگر منتخب کیا جاتا ہوں تو خواہش ہے کہ ایک مرتبہ پھر وکٹری اسٹینڈ تک ٹیم کو پہنچائوں تاجر طاہرسعید بٹ کے مطابق ہاکی نے پاکستان کو دنیا میں پہچان دلائی ہمیں ماضی کے کھلاڑیوں پر فخر ہے اور اب حنان شاہد جیسے نوجوانوں سے بہت امید ہے کہ وہ پاکستان ہاکی کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔ حنان شاہد نے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی اور اس سے پہلے کھیلے گئے ایونٹس میں زبردست کارکردگی پیش کی۔ ان کو کھیلتے دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ پاکستان میں ہمیشہ کرکٹرز کو کارکردگی پر انعام دیاجاتاہے۔ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اس میں جب تک نجی سطح پر نوجوانوں کو سپورٹ نہیں کیاجائے گا اس وقت تک کیسے کارکردگی میں نکھار لانے کی امید کی جاسکتی ہے۔ حنان شاہد اوران کی فیملی کی پاکستان ہاکی کے لیے بے پناہ خدمات ہیں۔ ہمیں ایسے ہیروز کی قدر کرنی چاہیے۔