کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام بجلی، پانی، گیس، ٹرانسپورٹ، تباہ حال انفرا اسٹرکچر، مسلح ڈاکوؤں کی لوٹ مار سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہیں، سندھ میں پیپلز پارٹی کا 16سالہ دور بد ترین حکمرانی کا دور ہے۔
ادارہ نورحق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ کراچی کی جانب سے ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے کا کریڈیٹ لینے کے بجائے اہل کراچی کے مسائل حل کریں، کراچی صوبے کے بجٹ کا بھی 90فیصد سے زیادہ حصہ فراہم کرتا ہے، جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک جاری ہے، عوامی مسائل کے حل کے لیے احتجاج اور دھرنے سمیت عدالتی راستہ بھی اختیار کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری ملک کے صدر اور پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کا حصہ ہے، گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافے سمیت تمام عوام دشمن حکومتی فیصلوں اورا قدامات میں پیپلز پارٹی شریک ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ گیس کے نرخوں میں 53.5فیصد اضافے اور کے الیکٹرک کے 7سالہ ڈالر بیسڈ جنریشن ٹیرف کا فیصلہ واپس لیا جائے، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کر کے فارنزک آڈٹ کرایا جائے اور کراچی کو این ٹی ڈی سی سے براہ ِ راست بجلی فراہم کی جائے، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔ شہریوں کو ٹینکرز کے بجائے گھروں کے نلکوں میں پانی دیا جائے، جرائم پیشہ عناصر اور مسلح ڈاکوؤں سے عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنا نے کے لیے پولیس اور متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔
منعم ظفر خان کا مزید کہنا تھا کہ میڈیکل کالجوں میں داخلے کے خواہش مند ہزاروں طلبہ و طالبات کو سندھ حکومت کی نا اہلی اور بد انتظامی کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے، داخلے کے پورے عمل کو صاف و شفاف بنایا جائے،پرچہ لیک سمیت بد انتظامی کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ایم ڈی کیٹ کے دوبارہ ٹیسٹ کے لیے کراچی میں امتحانی مراکز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ کراچی کے 13ہزار طلبہ و طالبات 22ستمبر کے ٹیسٹ کی طرح شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار نہ ہوں۔