ایران نے پہلے بلوچ گورنر کا تقرر کر دیا

117

تہران: ایران کی حکومت نے ملک کے جنوب مشرقی صوبے سیستان-بلوچستان میں بلوچ اقلیت سے تعلق رکھنے والے پہلے گورنر کا تقرر کر دیا۔

کابینہ کے اجلاس کے بعد حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے بتایا کہ “منصور بیجار کو سیستان-بلوچستان کا گورنر منتخب کیا گیا ہے۔” 50 سالہ بیجار بلوچ کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں، جو ایران کی ایک نسلی اقلیت ہے۔

ان کا تقرر ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب سیستان-بلوچستان میں ایک حملے میں کم از کم 10 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے، جس کی ذمہ داری جہادی تنظیم جیش العدل (آرمی آف جسٹس) نے قبول کی تھی۔ سیستان-بلوچستان افغانستان اور پاکستان کے ساتھ سرحد پر واقع ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے غریب ترین صوبوں میں شمار ہوتا ہے۔

یہ صوبہ طویل عرصے سے علیحدگی پسند اور سنی انتہا پسند گروپوں کے سرحد پار حملوں کا مرکز رہا ہے، اور وہاں سیکیورٹی فورسز اور مسلح گروہوں کے درمیان جھڑپیں عام ہیں۔

جیش العدل، جو 2012 میں بلوچ علیحدگی پسندوں کی جانب سے تشکیل دیا گیا تھا، کو ایران اور امریکا دونوں دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہیں۔