فائز عیسیٰ کی گاڑی پر لندن میں حملہ، پاکستان کی برطانیہ میں شکایت درج

124

لندن: سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر لندن میں حملے کے بعد پاکستان ہائی کمیشن نے برطانوی حکام کے ساتھ باقاعدہ شکایت درج کروا دی ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کارکنان نے لندن میں فائز عیسیٰ کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، جس پر پاکستان ہائی کمیشن کے جھنڈے کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے دوران کارکنوں نے گاڑی کے شیشے توڑنے کی کوشش کی اور نعرے بازی بھی کی۔

سفارتی ذرائع نے تصدیق کی کہ پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانوی حکام سے معاملے کو اٹھایا اور اس واقعے میں ملوث 9 افراد کے خلاف اسکاٹ لینڈ یارڈ سے کارروائی کی درخواست کی۔

ڈاکٹر فیصل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا، “یہ واقعہ افسوسناک ہے، اور ہم اسے برطانوی حکام کے ساتھ بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے۔”

قبل ازیں، وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی لندن میں فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کی۔ اپنے بیان میں انہوں نے نادرا کو فوری طور پر حملہ آوروں کی شناخت کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا، اور انہوں نے سوال اٹھایا کہ قاضی فائز عیسیٰ کو دی گئی دھمکیوں کے باوجود ان کی حفاظت کیوں نہیں کی گئی۔

محسن نقوی نے ہدایت دی کہ دستیاب فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی جائے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیس کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان میں ایف آئی آر درج کی جائے گی اور حملہ آوروں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی منسوخی کے اقدامات کیے جائیں گے۔