کراچی پریس کلب کی لائف ممبر شپ میرے لیے بڑا اعزاز ہے‘ قاسم پیرزادہ

53

کراچی ( پ ر ) کراچی پریس کی مجلس عاملہ کی جانب سے شیخ الجامعات، ماہر تعلیم، شاعر، اسکالر اور مصنف پیرزادہ قاسم رضا صدیقی کو انکی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں کراچی پریس کلب کی تاحیات رکنیت دینے کے حوالے سے بدھ کو کراچی پریس کلب کے آئی ایچ برنی ہال میں تقریب پزیرائی کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد ، سابق سیکریٹری مقصود یوسفی، سینئیر صحافی سعید خاور ، پروفیسر توصیف احمد ، سابق سیکریٹری کراچی پریس کلب اے ایچ خانزادہ پروفیسر انیس زیدی ، سینئر صحافی مظہر عباس اور محمود خان سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نے کہا کہ یہ پریس کلب کا ایک اعزاز ہے اور اس بات کی ہمیں خوشی ہے کہ آج پیرزادہ قاسم رضا صدیقی ہماری فیملی کا حصہ بننے جا رہے ہیں پیرزادہ قاسم نے نوجوانوں کی ذہن سازی میں بڑا کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے کہا کہ پیرزادہ قاسم ایک بڑی علمی و ادبی شخصیت ہیں، آج ہم ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی کو لائف ممبر شپ دے رہے ہیں یہ کراچی پریس کلب کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے- انہوں نے کہاکہ اس سے قبل سر پرنس کریم آغا خان، عبدالستار ایدھی، حبیب جالب، فیض احمد فیض، جوش ملیح آبادی سمیت دیگر معروف شخصیات کو بھی کراچی پریس کلب کی لائف ممبرشپ دی گئی ہے۔ ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لائف ممبر شپ دینے پر کراچی پریس کلب کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ کراچی پریس کلب ایک عظیم ادارہ ہے جو معاشرے کے ہر پہلو کو اجاگر کرتا ہے کراچی پریس کلب ہمارے ملک کی ایک مشکل ترین حالات میں بھی زندہ اور توانا آواز رہی ہے یہی وجہ ہے کہ کراچی پریس کلب سنہری تاریخ رکھتا ہے لائف ممبر شپ میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے ، میری زندگی میں ہائر ایجوکیشن کے لئے خدمات کا موقع ملا میں نے ہمیشہ بہتر سے بہتر خدمات دینے کی کوشش کی ، دو کروڑ بچے آج تک اسکول کی شکل تک نہ دیکھ سکے ، اصل دولت علم ہے جو معاشرے کی اشد ضرورت ہے اس کے بغیر ملک و قوم کی ترقی ممکن نہیں۔ آج کل وائس چانسلر شپ کی بہت قلت ہے اور تعیناتی کے وقت تلاش کرنی پڑتی ہے۔ اس کے لئے لائحہ عمل بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مجھے شاعری کے لئے ایسا وقت ملا کہ جب سب کے سب شاعر موجود تھے صف اول اور صف دوئم کے تمام شاعروں سے سکھنے کا بھی انمول موقع میسر آیا، میری زندگی میں تعلیم تدریس ، انتظامیہ کی ٹیم میں اور پیش رفت کے لئے بہت کاوشیں رہی ہیں ، بیرون ممالک میں بھی منعقد ہونے والی تقاریب میں نمائندگی کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کیا۔ ہمارے ہاں پالیسی پر عمل درآمد نہیں ہوتی۔ بنیادی طور پر میرا گھرانہ کا تعلق صحافت اور وہ بھی پرنٹ میڈیا سے تعلق رہا ہے۔ اسکول سے یونیورسٹی تک میرے سفر میں بہت اہم شخصیات کا ساتھ ملا اور اسی کی بدولت بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی جاتا ہوں وہاں میرے شاگرد آجاتے ہیں یہی میرے لئے بہت اعزاز کی بات ہے اور آج کی تقریب میں شرکت کر کے بہت خوشی ملی ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں شرکاء کی درخواست پر اشعار بھی پڑھے اور شرکاء بہت محظوظ ہوئے۔ اس موقع پر سینئر صحافی مظہر عباس نے کہا کراچی پریس کلب نے ہمیشہ سے معاشرے کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرنے والوں کی قدر کی ہے اور ان کی پذیرائی کے لئے پروقار تقاریب منعقد کی ہیں۔ کراچی پریس کلب نے پیزازادہ قاسم رضا کو لائف ممبر شپ دے کر اعزاز حاصل کیا ہے۔ تقریب سے اے ایچ خانزادہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علمی میدان میں استاد کوئی بھی وہ معاشرے کی مشترکہ املاک ہوتی ہے اور ڈاکٹر پیرزادہ قاسم استادوں کے استاد ہیں کراچی پریس کلب کا یہ اقدام لائق تحسین ہے کہ انہوں نے ڈاکٹر قاسم پیرزادہ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں لائف ممبر شپ دی۔ سعید خاور نے کہا کراچی پریس کلب نے اپنی روایات کو برقرار رکھا ہوا ہے اور یہ عمل قابل ستائش ہے کہ ڈاکٹر قاسم پیرزادہ قاسم کو لائف ممبر شپ دی۔ مقصود یوسفی نے کہا کہ کراچی پریس کلب نے شہر کی قد آور شخصیت ڈاکٹر قاسم پیرزادہ کو لائف ممبر شپ دے کر اساتذہ کی بھی حوصلہ افزائی کی ہے اس عمل سے معاشرے میں مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ کراچی پریس کلب ایک ایسا ادارہ ہے جو پاکستان کی پہنچان اور علامت ہے اور اس ادارے کی جانب سے ڈاکٹر پیرزادہ کی خدمات کا اعتراف یقیناً قابل تعریف ہے کیونکہ ڈاکٹر قاسم پیرزادہ جدید روایات کے ساتھ ساتھ جدید سوچ بھی رکھتے ہیں کراچی پریس کلب نے لائف ممبر شپ دے کر اپنا حق ادا کیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی کو لائف ممبر شپ دی گئی اس موقع پر سابق شیخ الجامعات کو اجرک اور پھول بھی پیش کیے گئے۔