پاکستان کے عالمی لیجنڈ ایتھلیٹ اعزازی کیپٹن محمد یونس چل بسے

43

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ ملک کے معروف لیجنڈ ایتھلیٹ اعزازی کیپٹن محمد یونس فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئے ذرائع کے مطابق لیجنڈ ایتھلیٹ ملک محمد یونس نے پاکستان کیلئے انٹرنیشنل مقابلوں میں 27 طلائی تمغے جیتے، 1974میں ایران میں ہونیوالے ایشین گیمز میں ملک یونس نے 1500میٹر دوڑ کا طلائی تمغہ جیتا۔ مرحوم 800اور 1500میٹر کی دوڑ کے ٹاپ ایتھلیٹ تھے۔ ملک محمد یونس نے پاکستان کیلئے 1970اور 1978کے ایشین گیمز میں چاندی کے تمغے جیتے، 1973 میں ہونیوالی ایشین ٹریک اینڈ فیلڈ چیمپئن شپ میں انہوں نے ایک طلائی اور ایک چاندی کا تمغہ جیتا۔ 1970 میں ان کا بنایا ہوا 1500میٹر دوڑ کا ریکارڈ آج تک کوئی پاکستانی نہ توڑ سکا 3 ہزار اور5ہزار میٹر دوڑ میں بھی ان کے ریکارڈز آج تک برقرار ہیں، 70کی دہائی میں محمد یونس کے بنائے ہوئے ان کے متعدد قومی ریکارڈز آج بھی برقرار ہیں۔ ایتھلیٹکس کا کیرئیر 1979میں ایک حادثے کے بعد ان کا اچانک اختتام ہوگیا تھا، محمد یونس کو 1991میں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔