اسلام آباد (کامرس رپورٹر) پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو حاصل منافع کی بیرون ممالک منتقلی میں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 85 فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ کاری سے حاصل منافع کی بیرون ممالک منتقلی کا حجم 39کروڑ 34 لاکھ ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 85 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 21کروڑ 29 لاکھ ڈالر بیرون ممالک منتقل کئے تھے۔ ستمبر 2024 میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 11کروڑ 87لاکھ ڈالر بیرون ممالک منتقل کئے جو گزشتہ سال ستمبر کے مقابلہ میں 28فیصد کم ہے۔گزشتہ سال ستمبر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری پر حاصل منافع میں 16کروڑ 37 لاکھ ڈالر بیرون ممالک منتقل کئے تھے۔اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں فنانشل بزنس کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں نے 8 کروڑ 82 لاکھ ڈالر ، ٹوبیکو اینڈ سگریٹ 6 کروڑ 80 لاکھ ڈالر، ٹرانسپورٹ 4کروڑ 74لاکھ ڈالر، خوراک 4 کروڑ 19 لاکھ ڈالر، بجلی 3 کروڑ 89 لاکھ ڈالر، کیمیکلز 2کروڑ 20لاکھ ڈالر ، مشروبات 2 کروڑ ڈالر ، سیمنٹ ایک کروڑ 9 لاکھ ڈالر ، ذاتی خدمات ایک کروڑ 4لاکھ ڈالر، مواصلات 7 لاکھ 50ہزار ڈالر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں نے 2 کروڑ 26 لاکھ ڈالر بیرون ممالک منتقل کئے۔