کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے خالص منافع میں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر 20فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ کمپنی کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کردہ مالیاتی بیان کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پی پی ایل کو 23.57 ارب روپے کا خالص منافع حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سا ل کی اسی مدت کے مقابلہ میں 20 فیصد کم ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کمپنی کو 29.62 ارب روپے کا خالص منافع حاصل ہوا تھا۔ پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی کی فی حصص آمدنی 8.67 روپے ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 10.89 روپے تھی۔ پہلی سہ ماہی میں کمپنی نے ٹیکسوں کی مد میں 15.16 ارب روپے کی ادائیگی کی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 17.94 ارب روپے کے مقابلہ میں 15 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں پی پی ایل کو 17.89 ارب روپے کاخالص منافع حاصل ہوا تھا جبکہ فی حصص آمدنی 6.58 روپے ریکارڈکی گئی تھی۔