لاہور (کامرس ڈیسک ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے پالیسی سازی میں نجی شعبے کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ لاہور چیمبر کے کے عہدیداروں نے سٹی ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر شیخ محمد فیاض کی قیادت میں لاہور چیمبر کا دورہ کرنے والے وفدسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نجی شعبے کو پالیسی سازی میں شامل مشاورت نہیں کیا جاتا تب تک مطلوبہ نتائج حاصل کرنا ممکن نہیں۔اس موقع پر سابق صدر لاہور چیمبر محمد علی میاں اورسابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغرنے بھی خطاب کیا جبکہ تاجر رہنما بابر محمود، سید سلیم اللہ، فاروق احمد، فہیم محمود، جاوید صدیقی، شہزاد نذیر، ندیم نذیر، ذیشان افتخار، عامر ریاض، عمیر اسماعیل ،سابق نائب صدر طاہر منظور چودھری ، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران احسن شاہد، کرامت علی اعوان، عمر سرفراز اور سابق ایگزیکٹو ممبران عثمان ملک اور ذیشان سہیل ملک بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداران نے حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی پائیدار ترقی کے لیے مل کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔ شیخ محمد فیاض نے وفد کی جانب سے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ میاں ابوذر شاد، انجینئر خالد عثمان اور شاہد نذیر چودھری نے وفد پر زور دیا کہ وہ مسائل کو تحریری شکل میں بھجوائیں۔