کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کے سی سی آئی کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ کراچی سب سے زیادہ ریوینیو پیدا کرنے والا شہر اس لیے ہے کیونکہ حکومت نے تاجروں کو کاروبار کے وسیع مواقع فراہم کیے ہیں لیکن اس بات کو کوئی تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ کراچی کے قومی خزانے کیلیے سب سے زیادہ ریوینیو پیدا کرنے کا کریڈٹ نہ صرف تاجروں کو جاتا ہے بلکہ ان کی حکومت کو بھی جاتا ہے جس نے صنعت اور تجارت کیلیے موافق ماحول فراہم کیا۔ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ تاجر برادری کراچی کو ملک کا پرامن اور صنعت و تجارت دوست شہر کے طور پر پیش کرے۔ ملاقات میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، ضیا الحسن لنجار، جام اکرام دھاریجو، میئر کراچی مرتضی وہاب، سیکرٹری توانائی، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری وزیراعلی، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکرٹری صحت اور ایڈیشنل آئی جی جاوید اوڈھو نے شرکت کی۔ کے سی سی آئی کا وفد جاوید بلوانی، میاں ابرار، اے کیو خلیل ، ضیا العارفین، میاں فیصل اور دیگر پر مشتمل تھا۔ کے سی سی آئی وفد نے گیس کی کمی، مہنگی بجلی، پانی، خستہ حال انفرا اسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور دیگر مسائل اٹھائے۔ اس موقع پر متعلقہ ورزا نے مسائل کے حل کیلیے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ وفاقی حکومت پاور ٹیرف کم کرنے کیلیے بھرپور کوشش کر رہی ہے جبکہ ان کی صوبائی حکومت بجلی سستی کرنے کیلیے اقدامات کر رہی ہے۔ جہاں تک گیس کی کمی کا تعلق ہے تو وہ وفاقی حکومت سے بات کریں گے کہ سندھ سے پیدا ہونے والی گیس سندھ کی صنعتوں کو فراہم کی جائے تاکہ گھریلو اور صنعتی صارفین کی ضروریات پوری کی جاسکیں۔