عمران خان وشاہ محمودقریشی پرفردجرم 8نومبرکوعاید ہوگی

238

راولپنڈی (آن لائن) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عاید کرنے کے لیے 8 نومبر کی تاریخ مقرر کر دی ہے عدالت نے رہ جانے والے بیشتر ملزمان میں مقدمہ کی نقول تقسیم کرنے کے بعد سماعت ملتوی کرنے کے ساتھ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر بھی فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ سماعت کے موقع پر عمر ایوب، زرتاج گل، راجا بشارت، صداقت عباسی، راجا راشد حفیظ، واثق قیوم عباسی اور کرنل (ر) اجمل صابر سمیت وفاقی و صوبائی وزرا اراکین اسمبلی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے چونکہ مقدمہ کے مرکزی ملزم و تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کے جیل میں ہونے کے باعث اس مقدمہ کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوتی ہے تاہم گزشتہ روز جیل میں سماعت نہ ہوسکی عدالت نے ملزمان کی حاضری کے بعد ایسے ملزمان جن میں کسی بھی وجہ سے مقدمہ کی نقول تقسیم نہیں ہوسکی تھیں انہیں نقول فراہم کرنے کے بعد سماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی۔آئندہ تاریخ پر ملزمان پر فرد جرم عاید کرنے کے علاوہ بریت کی درخواست پر فریقین کے وکلا دلائل دیں گے۔