اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پاکستان میں چین کے سفیرجیانگ زائی ڈونگ نے کہا ہے کہ چینی شہریوں کی سیکورٹی سی پیک کو آگے بڑھانے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،اس کے بغیریہ نہیں چل سکتا، 6 ماہ میں 2 مہلک حملے ناقابل قبول ہیں، حکومت پاکستان کو چین مخالف دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈائون کرنا ہوگا،جب تک محفوظ ماحول فراہم نہیں کیا جاتا یہ پروگرام آگے نہیں بڑھ سکتا۔ منگل کو پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام ‘‘China at 75’’ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا انہیں امید ہے کہ پاکستان چینی شہریوں ،اداروں اور منصوبوں کی سیکورٹی کو مضبوط بنائے گا،پاکستان کو ان لوگوں کو سخت سزا دینی چاہیے جو چینی شہریوں پرہونے والے مہلک حملوں میں ملوث ہیں۔چینی سفیرکا کہنا تھا کہ ان کے صدر ژی جن پنگ اپنے شہریوں کی سلامتی کے بارے میں بہت فکرمند ہیں،وہ اپنے لوگوں کی زندگیوں کو باقی ہرچیز پر فوقیت دیتے ہیں،جب کبھی بھی ان کی پاکستانی قیادت سے ملاقات ہوئی ہے تو انہوں نے پاکستان میں موجود چینی شہریوں ،اداروں اور پروجیکٹس کی سیکورٹی کے بارے میں بات کی ہے۔ چینی سفیر نے یہ بھی کہا کہ ہم مل کران دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرسکتے ہیں۔اس سے قبل ڈپٹی وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی حکومت چینی شہریوں پرحملوں میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے اوراس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے اگلے ماہ صدر آصف زرداری اپنے دورہ چین کے دوران چینی ہم منصب ڑی جن پنگ کا آگاہ کریں گے۔اس موقع پر وزیرخارجہ نے امریکاپر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہ چین کو عالمی اقتصادی طاقت بنتے نہیں دیکھ سکتالیکن امریکا کی طرف سے چینی مصنوعات پر200 فیصد ٹیرف عائد کرنے سمیت تمام حربوں کے باوجود چین دنیا کی سب سے بڑی اقتصادی طاقت بننے کی منزل پا لے گا۔ انہوں نے کہا چینی مصنوعات پر بھاری ٹیرف سیاست کے سوا کچھ نہیں۔