اسلام آباد: تحریک انصاف )پی ٹی آئی ) نے لندن میں سابق چیف جسٹس کی گاڑی کے آگے احتجاج کرنے والے پاکستانیوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے بیان پر وفاقی وزیر داخلہ کو وائسرے کا خطاب دے دیا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے وزیرداخلہ کے بیان پر ردعمل دیتےہوئے کہاکہ محسن نقوی کا بیان نہایت بیوقوفانہ حد تک مضحکہ خیز اور مینڈیٹ چور بندوبست کی ذہنیت کا عکاس ہے،یہ دوسرے روز دنیا کو بتاتے ہیں کہ ہم صرف ان پڑھ ہی نہیں پرلے درجے کے احمق اور جاہل بھی ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہاکہ خود ساختہ وائسرائے قاضی فائز عیسی کے خلاف احتجاج کرنے والوں کی شہریت کی منسوخی سے پہلے کسی پڑھے لکھے وکیل سے قانون سے متعلق سیکھ لیں، ظاہر ہے کہ پاکستان ان کے آبا و اجداد کی راجدھانی یا خاندانی جاگیر تو ہے نہیں کہ یہاں درباری اپنی زبانوں کے لمبائی کے مطابق بیان دیں، شناختی کارڈ، پاسپورٹس یا شہریت کی منسوخی و اجرا کے فیصلے محسن نقوی کی صوابدی نہیں بلکہ یہ آئین و قانون کے مرہونِ منت ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آئین و قانون کی گردن پر پیر رکھ کر مرضی کے فرمان جاری کرنے کے بیہودہ سلسلے نے دنیا میں پاکستان کا آئینی تشخص بری طرح مجروح کیا ہے، قاضی فائز عیسی کے کرتوت تو قبر تک ان کا پیچھا کریں گے جبکہ تاریخ ان کے محاسبے کو تیار ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ محسن نقوی غنڈہ راج کے خیالی سیٹ سے اتریں اور دنیا کو اپنے جاہلانہ جلال دکھانے کی بجائے تھوڑی سی تمیز اور قانون کے احترام کی اداکاری کی ہلکی سی کوشش ہی کرلیں، کسی سے کوئی غلطی یا جرم سرزد ہوا ہے تو خود قاضی کی پتلون پہن کر اچھلنے کی بجائے عدالت کو فیصلے کا موقع دیں۔