پاور سیکٹر میں اصلاحات کیلئے نیشنل ٹاسک فورس کا قیام

104

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کے احکامات پر پاور سیکٹر میں اصلاحات کیلئے نیشنل ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، ٹاسک فورس میں وزیر توانائی اویس لغاری کے علاوہ آرمی آفیشلز اور دیگر اداروں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

چیئرمین ٹاسک فورس وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہےکہ ڈسٹری بیوشن کمپنیز کی نجکاری کے منصوبے پر بھی کام شروع کر دیا ہے، نئی پاور مارکیٹ کا ڈھانچہ متعارف کرایا جائے گا جہاں صارفین بجلی خرید سکیں گے، ایک ہی ڈسٹری بیوٹر پر انحصار کم ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاور سیکٹر کا گردشی قرض9.5 ارب ڈالر تک پہنچنے کی وجہ سے یہ اصلاحات ناگزیر ہیں، حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے کچھ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی جانچ پڑتال کی بعض آئی پی پیز کے ساتھ پرانے کنٹریکٹ ختم بھی کیے ہیں، حکومت نے ڈسٹری بیوشن کمپنیز کی نجکاری کے منصوبے پر بھی کام شروع کر دیا ہے۔

اویس لغاری کا کہنا تھا اصلاحات کا مقصد پاکستان کی اقتصادی ترقی اور عوام کو سستی اور معیاری بجلی کی فراہمی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹاسک فورس کے اقدامات سے پاور سیکٹر میں جدت اور شفافیت آئے گی جبکہ عام آدمی کی زندگی میں بھی بہتری کی امید ہے۔