کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے اورعوام پر گیس بم گرانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مزید اضافے کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اوگرا سوئی سدرن گیس کمپنی کو فی یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو)53.5فیصد 669روپے اضافے کی ہر گز اجازت نہ دے اور گیس کمپنی کی اضافے کی درخواست کو رد کردے۔
منعم ظفر خان نے کہاکہ جماعت اسلامی اوگرا سماعت میں شریک ہوگی اور اس عوام دشمن فیصلے کی مخالفت کرے گی، گزشتہ 22ماہ میں گیس کی قیمتوں میں 450فیصد تک اضافہ کیا جا چکا ہے اور اس اضافے کے دائرے میں پروٹیکٹیڈ صارفین بھی شامل ہیں یہ عوام کے سراسر ظلم و نا انصافی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ عوام گیس کے بھاری بلوں سمیت بڑھتی ہوئی مہنگائی سے سخت پریشان ہیں اس کے باوجود حکومت عوام پر مزید ظلم کرنے جاری ہے، ایک طرف گیس کے نرخوں میں بار بار اضافہ کیا جا رہا ہے اور دوسری جانب گیس کمپنی نے بھی کے الیکٹرک کی طرح مختلف بہانوں سے کراچی کے شہریوں سے اضافی بل وصولی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
منعم ظفر خان نے مزید کہاکہ کبھی PUG یا Slow meter کے نام پر اضافی بلنگ، تو کبھی گھر میں گیزر ہو یانہ ہو”conical baffleکو نیکل بفل انسٹالیشن“چارجز کے نام پر 2085 روپے وصول کیے جارہے ہیں، شہر بھر میں گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ رات بھر کی لوڈ شیڈنگ کے علاوہ دن بھر گیس کی لوڈ شیڈ نگ معمول بنتی جارہی ہے۔