اسموگ انسانی مسئلہ ہے اس پر پاک بھارت ڈپلومیسی کی ضرورت ہے  ، مریم نواز

119

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ا سموگ سیاسی نہیں انسانی مسئلہ ہے، اس معاملے پر بھارت سے بات کرنا ہوگی۔

لاہور میں دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اسموگ کے حوالے سے ہم بہت اقدامات کر رہے ہیں جب تک دونوں پنجاب مل کر اقدام نہیں کرتے ہم اسموگ سے نہیں لڑ سکتے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سوچ رہی ہوں اسموگ کے حوالے سے بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو خط لکھوں کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان یہ مسئلہ بہت اہمیت رکھتا ہے ۔ ہواؤں کو نہیں پتا دونوں ملکوں کے درمیان میں بارڈر ہے، جب تک دونوں پنجاب مل کر اقدامات نہیں کرتے اسموگ سے لڑنا نا ممکن ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے دیوالی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباددیتے ہوئے اقلیتوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے ساتھ ظلم و زیادتی ہوئی، کسی نے انہیں تکلیف پہنچانے کی کوشش کی تو مریم نواز ساتھ کھڑی ہوگی، اقلیتیں ہمارے سر کا تاج ہیں، ان کا تحفظ اور احترام حکومت کی ذمہ داری ہے، کسی تفریق کے بغیر ہم سب پاکستانی ہیں۔

اس موقع پر مریم نواز نے 20 دسمبر کو مینارٹی کارڈ متعارف کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ مستحق اقلیتی افراد کو مینارٹی کارڈ کے ذریعے 10 ہزار 500 روپے دیئے جائیں گے، دیوالی کے تہوار پر 1400 خاندانوں کیلئے فی کس 15 ہزار عیدی کا تحفہ ہے۔