بھارت کی بنیاد پرست ہندو تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو اب مسلم وقف بورڈز کی فکر لاحق ہوگئی ہے۔ آر ایس ایس کے رہنما اندریش کمار نے کہا ہے کہ وقف بورڈز میں کرپشن کا بازار گرم ہے۔ مسلمانوں کو اپنی املاک خورد برد ہونے سے بچانے کے لیے ایک ہو جانا چاہیے۔
نئی دہلی کے علاقے بستی نظام الدین میں صوفی بزرگ نظام الدین اولیا کے مزار پر دھنتیرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اندریش کمار نے کہا کہ وقف بورڈز کی بیشتر املاک پر غیر قانونی قبضے ہیں۔ اس حوالے سے قانونی کارروائی بھی نہیں کی جارہی۔ عام مسلمانوں کو وقف بورڈز کی املاک سے کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا۔ اس تقریب میں مسلم عمائدین سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ اگست میں بھارتی حکومت نے پارلیمنٹ میں متنازع وقف بورڈز بل متعارف کرایا تھا۔ اس بل کے حوالے سے حکمراں اتحاد اور اپوزیشن کی جماعتوں کے درمیان شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔
اندریش کمار آر ایس ایس سے منسلک مسلم راشٹریہ منچ کے اہم رہنماؤں میں سے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے درمیان پائے جانے والے فکری انتشار کا فائدہ اٹھاکر مسلم لیڈر اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں۔