عمران خان کی منظوری: جوڈیشل کمیشن کیلئے عمرایوب اور شبلی فراز کا نام فائنل

183

 راولپنڈی:بانی تحریک انصاف (  پی ٹی آئی )نے26ویں آئینی ترمیم کے تحت جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نو کیلئے2 ناموں کی منظوری دیتے ہوئے عمرایوب اور شبلی فراز پی ٹی آئی کی نمائندگی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق عمران خان کی منظوری کے بعد پی ٹی آئی قیادت جوڈیشل کمیشن کیلئے قومی اسمبلی سے اپوزیشن لیڈر عمرایوب جبکہ سینیٹ سے شبلی فراز کے نام اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کو ارسال کرے گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 26ویں ترمیم کے تحت جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نو کیلئے نام مانگےتھے، 13 رکنی جوڈیشل کمیشن میں دو حکومتی اور دو اپوزیشن اراکین شامل ہوں گے، آرٹیکل 175۔اے کی شق 3 میں تجویز کردہ ترامیم کے تحت ’سپریم کورٹ کے سب سے سینئر جج کو چیف جسٹس کے طور پر تعینات کرنے کے بجائے اب چیف جسٹس کی تقرری خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی سفارش پر سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججوں میں سے ہوگی۔

اسی مقصد کے لیے 26ویں آئینی ترمیم تشکیل دی گئی، جس میں  دو حکومتی اور دو اپوزیشن اراکین شامل ہوں گے،کمیٹی نام زد شخص کا نام وزیر اعظم کو بھیجے گی جو مذکورہ فرد کی بطور چیف جسٹس تقرری کے لیے نام صدر کو بھیجیں گے، اختلاف کی صورت میں صدر اپنی صوابدید پر چیف جسٹس کے نام کا اعلان کرتے ہوئے دستخط کرکے منظوری دے گا۔