اسموگ پرقابو پانے کیلئے حکومت پنجاب نے لاہور میں گرین لاک ڈاؤن لگادیا

117
Punjab government imposed a green lockdown

لاہور : پنجاب حکومت نے اسموگ پرقابو پانے کیلئے لاہور کے مختلف علاقوں میں گرین لاک ڈاؤن لگا دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ادارہ ماحولیات پنجاب کی جانب سے لاہور کے مختلف علاقوں میں گرین لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے، ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی اسموگ اور فضائی آلودگی کو کم رکھنے کیلئے پنجاب حکومت نے یہ اقدام اٹھایا ہے، لاک ڈاؤن سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

ادارہ ماحولیات پنجاب کی جانب سے ڈیوس روڈ، ایجرٹن روڈ، ڈیورنڈ روڈ، کشمیر روڈ، ایبٹ روڈ پر شملہ پہاڑی سے گلستان سینما، ایمپریس روڈ شملہ پہاڑی سے ریلوے ہیڈ کوارٹر تک، کوئنز روڈ، علامہ اقبال روڈ کے اطراف میں گرین لاک ڈاؤن ہوگا، ان علاقوں میں تعمیراتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی، ان علاقوں میں چنگ چی رکشوں کے چلنے پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، گرین لاک ڈاؤن والے علاقوں میں کمرشل جنریٹر چلانے پر مکمل پابندی ہوگی، بار بی کیو اور کھلے فوڈ پوائنٹس پر رات 8 بجے کے بعد مکمل پابندی ہو گی، گرین لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

لاہور کو اسموگ کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے شہر کے اطراف میں درختوں کا گرین رِنگ بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، صوبائی دارالحکومت میں گرین ایریا مجموعی رقبے کے ایک فیصد سے بھی کم ہے جس کو بڑھایا جائے گا، لاہور گرین ماسٹر پلان کے تحت شہر کے گرد درختوں کی دیوار بنائی جائے گی جسے گرین رنگ کا نام دیا گیا ہے، گرین رنگ میں لگائے جانے والے درختوں کی جیوٹیگنگ بھی کی جائے گی۔جبکہ بتایا جارہا ہے کہ صنعتی علاقوں میں شجرکاری بڑھائی جائے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے تعلیمی اداروں میں طلبا پر مشتمل گرین فورس بنانے کی بھی ہدایت کی ہے، اسموگ کے تین ماہ کے دوران طلباء اور تعلیمی اداروں کو گرین پراجیکٹس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔