واشنگٹن (صباح نیوز) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے تصدیق کی ہے کہ کانگریس ارکان کی جانب سے عمران خان کی رہائی کے لیے حکومت پاکستان سے بات کرنے سے متعلق خط موصول ہوگیا جس کا ’’مناسب وقت پر‘‘ جواب دیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بات امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہی،امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے انسانی حقوق کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری روایات کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔ عمران خان اس وقت کئی الزامات میں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں، 60 سے زاید کانگریس کے ارکان نے اپنے خط میں امریکی صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عمران خان کی رہائی کی وکالت کرتے ہوئے پاکستان میں انسانی حقوق کو ترجیح دیتے ہوئے سیاسی قیدیوں کی رہائی ممکن بنائیں۔ ترجمان میتھیو ملر کے مطابق انتظامیہ اراکین کانگریس کو مناسب وقت پر جواب دے گی، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ امریکا پاکستان میں جمہوریت کو برقرار دیکھنا چاہتا ہے، جس میں بنیادی شخصی آزادیوں کو استعمال کرنے کا ہر ایک کا بنیادی حق ہے۔امریکی معاون سیکرٹری مونیکا جیکبسن کی وفاقی سیکرٹری انسانی حقوق اللہ ڈینو خواجہ سے ملاقات کے سوال پر میتھیو ملرنے کہا کہ اس میں انسانی حقوق، مضبوط جمہوری اداروں کے جامع پاک امریکا تعلقات میں کردار پر زور دیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری کی پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں امریکا اور پاکستان کے دوطرفہ جامع تعلقات میں انسانی حقوق، متحرک معاشرے کی حمایت اور مضبوط جمہوری اداروں کے اہم کردار پر زور دیا گیا ہے۔