اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر مواصلات و نجکاری عبدالعلیم خان نے پاکستان پوسٹل سروس کی کارکردگی اور مالیاتی ڈسپلن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پوسٹ کو بچانے کے لیے دن رات محنت کرنا ہو گی، غیر ضروری اخراجات کم کر کے سرکاری اداروں کو خود انحصار بنانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو فوکل گروپ آف کمیونیکیشن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے پاکستان پوسٹل سروس کی کارکردگی اور مالیاتی ڈسپلن پر اظہار تشویش کیا اور ایک ہفتے میں پوسٹل سروس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مالیاتی پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ادارے کی خالی اسامیاں ختم، ریونیو میں اضافے کے لیے ٹھوس تجاویز دیں،سست روی چھوڑ کر دن رات محنت کرنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی سیکرٹری مواصلات ایک ہفتے میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں،مالیاتی اہداف حاصل کرنا ہوں گے۔ مختلف امور پر غور اور سینئر افسران نے بریفنگ اور تجاویز پیش کیں۔