قائداعظم ٹرافی : لاہور وائٹس اور بہاولپور کی کامیابی

30

لاہور(اسپورٹس ڈیسک) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے میچوں کے چوتھے اور آخری دن لاہور وائٹس نے فیصل آباد کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ڈیرہ مراد جمالی نے لاہور بلوز کو 119 رنز سے ہرادیا۔حیدرآباد نے لاڑکانہ کے خلاف 121 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ بہاولپور نے آزاد جموں کشمیر کو 3 وکٹوں سے ہرادیا۔ سیالکوٹ نے فاٹا کے خلاف میچ 10 وکٹوں سے جیتا۔ ان میچوں کی خاص بات پشاور کے صاحبزادہ فرحان کی دونوں اننگز میں سنچریاں اور سیالکوٹ کے محسن ریاض کی ڈبل سنچری تھی۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں لاہور وائٹس نے فیصل آباد کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔ لاہور وائٹس کو جیتنے کے لیے 119 رنز کا ہدف ملا تھا۔ گزشتہ روز اس نے2 وکٹوں کے نقصان پر 45 رنز کے ساتھ اننگز شروع کی اور مزید 3 وکٹیں گنوانے کے بعد ہدف حاصل کرلیا۔ طیب طاہر32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔خرم شہزاد نے3 وکٹیں حاصل کیں اس طرح میچ میں انہوں نے 8 وکٹیں حاصل کیں۔ اشفاق گراؤنڈ چارسدہ میں کراچی وائٹس اور پشاور کا میچ ڈرا ہوگیا۔ پشاور نے اپنی دوسری اننگز میں 3وکٹوں پر 360 رنز بنائے تھے۔ صاحبزادہ فرحان نے دوسری اننگز میں بھی سنچری اسکور کی اور 134 رنز بنائے۔