ریاض/اسلام آباد(اے پی پی/مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہپاکستان ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے ‘ عوامی ترقی اولین ترجیح ہے‘نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں‘سعودیہ، پاکستان مشترکہ وژن رکھتے ہیں‘ فلسطین میں قیام امن تک دنیا میں خوشحالی ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 2 روزہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو (ایف آئی آئی) کے آٹھویں اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی ترقی کے سفر پر گامزن ہے، انتھک جذبے سے لیس اور باصلاحیت نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں جو ابھرتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان مشترکہ وڑن رکھتا ہے،ہماری مستقل کوشش ہے کہ ہمارے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، ڈیجیٹل شمولیت اور تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں پھلنے پھولنے کے لیے درکار ضروری آلات کے ذریعے بااختیار بنایا جائے، ہم نوجوانوں کو با اختیار بنا کر اپنا مستقبل بہتر بنا سکتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نے صنعتوں، معیشت اور معاشرے میں انقلاب برپا کردیا ہے، پاکستان نہ صرف مصنوعی ذہانت کو اپنا رہا ہے بلکہ ہم اس میں مہارت حاصل کرنے کے حوالے سے کام کر رہے ہیں اور نوجوانوں کو ٹریننگ فراہم کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے مضبوط پاک سعودی اقتصادی شراکت داری کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے دائرہ کار میں جاری دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، دونوں رہنمائوں نے خطے میں جاری اسرائیلی جارحیت پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو (ایف آئی آئی ) کے 8 ویں اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی صحت و تندرستی کے لیے دعا کی۔ قبل ازیںوزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے 2 روزہ سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے۔ ریاض کے نائب گورنر شہزادہ عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے ریاض پہنچنے پر وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم ریاض میں 29 تا 31 اکتوبر کو منعقد ہونے والے آٹھویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو (ایف آئی آئی) میں شرکت اور خطاب کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ روسی اعلیٰ قیادت کے حالیہ دوروں کی بدولت پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات میں مزید مضبوطی اور استحکام خوش آئند ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی وسیع استعداد موجود ہے جس سے استفادہ حاصل کرکے دونوں ملکوں کے عوام کی ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ منگل کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار روسی فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کی اسپیکر ویلنٹنینا میتویآنکو سے گفتگو کے دوران کیا، جنہوں نے وفد کے ہمراہ وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے لیے نیک خواہشات کے ساتھ ساتھ انہیں جلد دورہِ پاکستان کی دعوت کا پیغام دیا۔