عمران خان کو شکایت ہوئی تو پورا ملک بند کر دیں گے، گنڈاپور

82

پشاور (صباح نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ عمران خان کو کوئی شکایت ہوئی تو پورے پاکستان کو بند کر دیں گے، اس حکومت نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا ہے اس کو واپس لیں گے، حکومت ہمیں مجبور کر رہی ہے کہ ہم پر امن نہ رہیں۔ اپنے وڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے عمران خان کے ساتھ بدترین رویہ اختیار کیا ہوا ہے، جیل میں بانی پی ٹی آئی کو سہولیات نہیں دی جا رہیں، کبھی بجلی بند کردی جاتی ہے تو کبھی کھانا نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل کے اندر ان کے حقوق نہیں دیے جا رہے، میں وفاقی اور پنجاب حکومت کو وارننگ دیتا ہوں کہ تحریک انصاف کے بانی کی کوئی شکایت ہوئی تو پورے پاکستان کو بند کردیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ہم حکومت کے دن گن رہے ہیں، بہت جلد پورے پاکستان کو بند کرکے جعلی حکومت سے چھٹکارا حاصل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سے غداری کرنے والوں کی ہماری جماعت میں کوئی گنجائش نہیں۔