ریاض: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ غزہ میں فوری طور پر قتل و غارت گری روکنے اور امن قائم ہونے تک دنیا میں خوشحالی قائم نہیں ہوسکتی۔
شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فیوچر سمٹ انویسٹمنٹ انیشی ایٹو سمٹ سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد پر سعودی فرمانروا اور ولی عہد کومبارکباد پیش کرتا ہوں، شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہدمحمد بن سلمان کا ترقی سے متعلق وژن قابل ستائش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان حقیقی معنوں میں نوجوانوں کی کثیر تعداد سے مالا مال ہے جو روشن مستقبل کی نوید ہیں، نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا مقصد ایک ہی ہے، ہم نوجوانوں کو بااختیار بنا کر اپنا مستقبل بہتر بنا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کے حصول کو دیکھتے ہوئے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، ٹیکنالوجی فراہم کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نے صنعتوں، معیشت اور معاشرے میں انقلاب برپاکردیا ہے، پاکستان نہ صرف مصنوعی ذہانت کو اپنا رہا ہے بلکہ ہم اس میں مہارت حاصل کرنے کے حوالے سے کام کررہے ہیں اور نوجوانوں کو ٹریننگ فراہم کررہے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کا استعمال غلط علومات کے خلاف جنگ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے کردار ادا کرسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم تعلیمی اصلاحات اور ہنرمندافرادی قوت کی ترقی پر کام کرکے ٹیکنالوجی سے لیس نسل کو پروان چڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ دانش اسکولز منصوبے کے ذریعے وسائل سے محروم طلبہ کو معیاری تعلیم دے رہے ہیں، یہ منصوبہ ایک کامیاب پروگرام ہے، تعلیم کے ذریعے ہی انسان اور اقوام ترقی کرسکتی ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صحت انسانی ترقی کی بنیاد ہے، پاکستانی نوجوان صحت کے شعبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے جدید مسائل کو حل کررہے ہیں، صحت کے شعبے میں بھی پاکستانی اداروں کی نمایاں خدمات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک آج کے دور میں مسائل کا انفرادی طور پر مقابلہ نہیں کرسکتا اور نہ ہی کوئی ملک کسی دوسرے ملک کی مدد کے بغیر ترقی حاصل نہیں کرسکتا، خوشحالی کی مشترکہ منزل کے لیے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ میں فوری طور پر قتل و غاری گری اور امن قائم کرنے کے بغیر دنیا میں خوشحالی کا حصول ممکن نہیں ہوسکتا۔