پشاور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے 14 روز تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس شکیل احمد اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے بشری بی بی کی جانب سے مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔
بشری بی بی کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا ہے کہ بشری بی بی کے خلاف چاروں صوبوں میں مقدمات درج ہیں، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ خیبرپختونخوا میں تو کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا ہوگا؟ ایف آئی اے، اینٹی کرپشن، نیب اور دیگر اداروں میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائے۔
جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ کا کہنا تھا کہ اگر یہاں کوئی کیس نہیں تو کیا ہم حفاظتی ضمانت دے سکتے ہیں، جس پر وکیل بشری بی بی نے مقف اپنایا کہ قانون اور آئین ہر شہری کو تحفظ کا یقین دلاتا ہے، پشاور ہائی کورٹ نے پہلے بھی حفاظتی ضمانتیں دی۔
بعد ازاں عدالت نے نیب، ایف آئی اے سمیت تمام اداروں سے مقدمات کی تفصیل طلب کرلیں اور 14 روز تک بشری بی بی کو کسی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔