نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی آمدن میں اضافہ، ملازمین کو بونس دینے کا اعلان

93

اسلام آ باد :وفاقی وزیر برائے مواصلات، نجکاری اور بورڈ آف انویسٹمنٹ عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ مسائل کا حل سسٹم کو زیادہ سے زیادہ آٹومیشن پر منتقل کرنا ہے،   نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی سالانہ آمدن 64 ارب سے 100 فیصد بڑھ کر 110 ارب روپے ہو گئی ہے جو ملک کے کسی بھی سرکاری ادارے کی آمدنی میں ایک تاریخی اور منفرد مثال ہے۔

وفاقی وزیر برائے مواصلات، نجکاری نے کہاکہ  محصولات کی وصولی کے حوالے سے گزشتہ 6 ماہ کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے جس سے این ایچ اے کو مالی طور پر خود مختار اور مضبوط بنانے میں مدد ملے گی، آمدنی میں ریکارڈ اضافہ پر این ایچ اے کے ملازمین کو بونس اور مالی انعامات دیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹول پلازوں پر ریونیو کی وصولی بھی 32 ارب روپے سے بڑھ کر 64 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے جو مالیاتی استحکام کے حوالے سے ایک اور سنگ میل ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ ہی نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) نے ٹول ٹیکس میں 30 فیصد اضافہ کیا ہے، جس اعلان گزشتہ ماہ کیا تھا جبکہ دوسری  جانب نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ملک بھر میں قومی شاہراہوں کی تعمیر اور مرمت کیلیے وفاقی حکومت سے 790 ارب روپے سے زائد ترقیاتی فنڈز دینے کا مطالبہ کیا تھا۔