اسرائیل کیخلاف فلسطینیوں کی نسل کشی کے ثبوت عالمی عدالت میں جمع

103

دی ہیگ:اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی نسل کشی کے ثبوت عالمی عدالت میں جمع کرا دیے گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جنوبی افریقی صدر کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے غزہ  سمیت دیگر علاقوں میں حملوں کے نتیجے میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے ثبوت عالمی عدالت انصاف میں جمع کرائے گئے ہیں۔

جنوبی افریقی ایوان صدر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عالمی عدالت انصاف میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں ایسے شواہد  بتائے گئے ہیں، جن سے پتا چلتا ہے کہ اسرائیل غزہ میں کس طرح سے فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے اور اپنے اس عمل کے ذریعے وہ عالمی کنونشن کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔

عالمی عدالت انصاف میں جمع کروائے گئے ثبوتوں میں فلسطینیوں کو ممنوع ہتھیاروں کے استعمال سے مارنا، فلسطینیوں کو عالمی امداد تک رسائی سے روکنا، بھوک  کی صورت حال پیدا کرکے اسے جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا، حملوں کی دھمکیاں دے کر نقل مکانی کروا کر غزہ کے علاقوں پر قبضہ کرنا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ عالمی عدالت انصاف پہلے بھی اسرائیلی جارحیت پر اپنا فیصلہ سنا چکی ہے، تاہم جنوبی افریقا کی جانب سے ثبوت پیش کیے جانے کے بعد عدالت فلسطینیوں کی نسل کشی کے الزامات کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔