عمران خان کیساتھ جیل میں سلوک بہتر نہ کیا تو حکومت ردعمل کیلیے تیار رہے، گنڈاپور

106
announcement to run the movement

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ جیل میں سلوک بہتر نہ کیا گیا تو پھر حکومت ردعمل کے لیے تیار رہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایک وڈیو بیان میں وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بہنوں سے پتا چلا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جیل میں سلوک اچھا نہیں رکھا جا رہا، یہاں تک کہ انہیں صحیح کھانا بھی نہیں دیا جا رہا اور ورزش بھی نہیں کرنے دی جا رہی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت کو تنبیہ دے رہا ہوں کہ عمران خان کے ساتھ جیل میں سلوک اچھا نہ کیا گیا، انہیں جیل میں حقوق نہ دیے گئے، کھانا وغیرہ صحیح نہ دیا گیا تو پھر حکومت ردعمل کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی احتجاج کی کال دی جائے گی۔ ہم وفاقی حکومت کے دن گن رہے ہیں۔ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ اب ہم پورے پاکستان کو بند کریں گے۔ حکمرانوں کو کہیں بھاگنے کی مہلت نہیں مل سکے گی۔ ہم پرامن تحریک چلاتے رہے ہیں، لیکن یہ چاہتے ہیں کہ ان کے ساتھ ویسا رویہ رکھا جائے جس کا یہ حق رکھتے ہیں۔