میر پور خاص ، آئینی ترمیم کی منظوری کی خوشی میں ریلی

54

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) پارلیمنٹ سے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی ہدایت پر سندھ کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کی طرح میرپورخاص میں بھی بڑی ریلی پارٹی آفس سے پریس کلب تک نکالی گئی، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینر اور پارٹی پرچم تھام رکھے تھے، شہر کے مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ پریس کلب پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل میر انور علی خان تالپور، پیر حسن شاہ جیلانی، ضلعی نائب صدر اسحاق ناریجو، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی و ضلعی جنرل سیکرٹری جنید بلند، شاہنواز مغل، امیر جان مری، میئر عبدالروف غوری، عبدالجبار غوری اور دیگر مقررین نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا کریڈٹ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جاتا ہے، انہوں نے دن رات وزیراعظم، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہوں سے ملاقات کی، سب کو ایک پیج پر جمع کیا اور 26 ویں آئینی ترمیم منظور کرائی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی جانب سے سیاسی جماعتوں میں مفاہمت کروانے کے کردار کو سب سراہتے ہیں، بلاول بھٹو نے جیسے پی ٹی آئی کے ساتھ رابطے کیے، اس سے نہ صرف انہوں نے اپنا سیاسی قد بڑھایا بلکہ جس نکتے پر پی پی اور مسلم لیگ ن کا اتفاق تھا، اس میں کامیابی حاصل کی اور اپنے ووٹر اور سپورٹر کو اپنے منشور کے ساتھ منسلک کرنے میں کامیاب رہے جس طرح پاکستان میں سب کو ساتھ لے کر چلنے اور مصالحت کی ضرورت ہے، اس میں بلاول نے اپنا امتحان بخوبی پاس کیا ہے اور وہ ایک جمہوری اور متحرک سیاستدان کے طور پر جس طرح وہ اس سارے معاملے میں فعال رہ کر سامنے آئے، اس کا ان کے مستقبل پر اچھا اثر ہو گا، بلاول بھٹو بہت فعال طریقے سے سیاست دانوں سے ملے، انہوں نے مشکل چیلنج کو قبول کیا اور انہی کی کوششوں سے آئینی ترمیم پر سول سوسائٹی، وکلاء اور دیگر کے ساتھ مشاورت کا بھی آغاز ہوا۔