یہ لوگ جیل میں عمران کو ختم کرنا چاہتے ہیں،چپ نہیں بیٹھیں گے،علیمہ خان

80

راولپنڈی(خبرایجنسیاں) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ یہ لوگ جیل میں عمران خان کو ختم کرنا چاہتے ہیں، ہم چپ نہیں بیٹھیں گے۔پیر کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے مل کر صبر آگیا، انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا ہے،3 اکتوبر سے بانی پی ٹی آئی کو جس حال میں رکھا گیا وہ ناقابل بیان ہے، سیل کی بجلی کاٹی گئی، اخبار ٹی وی سب بند کردیا گیا تھا۔علیمہ خان کے بقول بانی پی ٹی آئی کو جو کھانا دیا جارہا تھا اس سے ان کو الٹیاں ہوئی ہیں، 3ہفتے بعد انہیں ورزش کے لیے سائیکل دی گئی ہے۔ سزائے موت کے قیدیوں کے ساتھ بھی یہ نہیں ہوتا جو عمران خان کے ساتھ کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ ہمیں پیغام آرہے ہیں کہ ہمارے خلاف نو دس مقدمات اور درج کیے گئے ہیں، اسلام آباد پولیس جہلم جیل کے باہر ہمیں دوبارہ گرفتار کرنے آئی تھی۔ کیا پتا ہمیں دوبارہ گرفتار کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ ظلم برداشت نہیں کریں گے۔