چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں پہلا فل کورٹ اجلاس،جسٹس منصور کی وڈیو لنک شرکت

114

اسلام آباد (اے پی پی/آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس منعقد ہو۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس زیر التوا مقدمات میں کمی لانے کے لیے پر عزم ہوگئے، پہلے فل کورٹ اجلاس میں زیر التوا مقدمات، مقدمات کے اندراج اور نمٹانے سے متعلق عدالت عظمیٰ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام مستقل ججز نے شرکت کی جبکہ جسٹس منصور علی شاہ نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔فل کورٹ اجلاس میں رجسٹرار عدالت عظمیٰ جزیلہ اسلم نے زیر التوا مقدمات کی جائزہ رپورٹ پیش کی جس کے مطابق زیر التوا مقدمات کی تعداد 59 ہزار 191 ہے۔ اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ کا تیار کردہ کیس مینجمنٹ سسٹم سے متعلق ایک ماہ کا پلان پیش کیا گیا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے اضافی تجاویز پیش کیں جس میں زیر التوا مقدمات میں کمی لانے اور طریقہ کار میں مزید بہتری لانے کے لیے ایک ماہ کا ابتدائی پلان، 3 ماہ کا پلان اور6 ماہ کا پلان شامل تھا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ فوج داری اور سول مقدمات 2 اور 3 رکنی بینچز میں مقرر کیے گئے، مقدمات مقرر کرنے کا مقصد جلد فیصلے کرنا تھا، تمام ججز نے مقدمات جلد نمٹانے کے حوالے سے اپنی آرا پیش کیں۔ چیف جسٹس نے زیر التوا مقدمات کے حوالے سے ججز کی رائے اور دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔ دوسرا فل کورٹ 2 دسمبر کو ہوگا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے پہلا دن بینچ نمبر ایک میں سماعت کرتے ہوئے سوا گھنٹے میں 24 مقدمات کی سماعت مکمل کی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال نے بینچ نمبر ایک میں کیسز کی سماعت کی۔ وکلا کو بہت پُرسکون ہوکر سنا اور سماعت مکمل کی۔ پیر کو چیف جسٹس نے ایک گھنٹہ 15 منٹ میں 24 مقدمات کی سماعت مکمل کی‘ 6 مقدمات کو مختلف وجوہات کی بنا پر ملتوی کیا۔