مودی کے جارحانہ جنگی عزائم،بھارت میں ہسپانوی ملٹری ایئرکرافٹ پلانٹ کا افتتاح

125

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز بھارت کے سرکاری دورے پر ہیں۔ یہ کسی ہسپانوی وزیراعظم کا 18 برس میں بھارت کا پہلا دورہ ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے ریاست گجرات شہر وڈودرا میں ائربس C295 طیاروں کی تیاری کے لیے ٹاٹا-ائربس فائنل اسمبلی لائن کمپلیکس میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔اس پلانٹ میں پہلا ’’میڈ ان انڈیا‘‘ سی-295 طیارہ 2026 تک تیار ہوجائے گا۔ یاد رہے کہ دونوں ممالک نے2021 ء میں ائربس ڈیفنس اینڈ اسپیس سے 56 کارگو اور فوجیوں کو لے جانے والے C295 طیاروں کے لیے 2.5 بلین ڈالر کے معاہدے پر اتفاق کیا تھا۔وڈودرا میں بھارتی پلانٹ 2026ء میں پہلا “میڈ ان انڈیا” C295 طیارہ مکمل کرے گا۔دونوں ممالک کے درمیان 2021 ء میں طے پانے والے معاہدے کے تحت 16 طیاروں کو اسپین میں بنایا جائے گا جب کہ باقی 40 طیارے بھارت میں تیار کیے جائیں گے۔ بھارتی وزیراعظم نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ یہ فیکٹری نہ صرف بھارت اور اسپین کے تعلقات کو مضبوط کرے گی بلکہ ‘میک ان انڈیا اور میڈ فار دی ورلڈ’ مشن کو بھی تقویت دے گی۔مودی نے مزید کہا کہ یہ پلانٹ عالمی ایرو اسپیس مینوفیکچرنگ میں ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر بھی بھارت کی پوزیشن کو بھی تقویت دیتا ہے۔ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے کہا کہ ایرو اسپیس مینوفیکچرنگ نے بھارت کی دفاعی اور خلائی صنعت میں ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے۔