بائی پی ٹی آئی نے فیصل چوہدری اور سلمان اکرم کی صلح کرادی، دوبارہ لیگل ٹیم میں شامل

89
Founder PTI reconciled

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے فیصل چوہدری کو دوبارہ بانی کی لیگل ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔

میڈیا ذرائعکے مطابق بانی پی ٹی آئی نے سلمان اکرم راجہ اور فیصل چوہدری میں صلح کرا دی جس کے بعد فیصل چوہدری کو دوبارہ بانی پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں صلح صفائی کےوقت بیرسٹرعلی ظفر بھی موجود تھے، بانی پی ٹی آئی نے فیصل چوہدری کو پارٹی پالیسی کے مطابق چلنےکی ہدایت کی۔

بانی پی ٹی آئی نے فیصل چوہدری کے ذریعے فواد چوہدری کوبھی پیغام بھجوایا کہ فواد چوہدری سے کہا جائے پارٹی کے خلاف بیان بازی سے باز رہیں۔

ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجہ نے بانی پی ٹی آئی سے فیصل چوہدری کو لیگل ٹیم سے نکالنے کی سفارش کی تھی جس پر بانی پی ٹی آئی نے سلمان اکرم راجہ کو بھی معاملات ٹھیک کرنے کی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری کو پی ٹی آئی وکلا ٹیم سے نکال دیا گیا تھا۔

فیصل چوہدری کو پی ٹی آئی کے مختلف واٹس ایپ گروپس سے نکال دیا گیا تھا، اختلاف ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ہوا تھا۔