آج نوازشریف کی حکومت ہے اس لیے معیشت ترقی کررہی ہے: مریم نواز

175
pay public bills with public money

حافظ آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آج نواز شریف کی حکومت ہے اس لیے معیشت ترقی کر رہی ہے، نواز شریف کے پاس کوئی جادو کی چھڑی تو نہیں ہے، بس اللہ کا دیا ہوا خوف اور کچھ کرجانے کا جذبہ ہے۔

حافظ آباد میں کسان کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ کسانوں کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے دن رات کوششیں کر رہےہیں۔ غریبوں کا کچن چلانے کیلیے 3 ارب روپے کے پیکیج سے ہر شہر میں آلو، پیاز، ٹماٹر کاشت کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیشگوئی کررہی ہوں کہ یہ فتنہ ختم ہونے جارہا ہے، گھس بیٹھیوں کی سیاست اپنے آخری دموں پر ہے، پچھلے 5 سال نالائقوں اور دہشت گردوں کی حکومت میں جس طرح سے پاکستان کا نقصان ہوا تھا، اسے بھرنے کے لیے 40 سال بھی کم تھے لیکن صرف 8 ماہ میں ہر آنے والا دن پاکستان کے لیے خوشخبریاں لے کر آرہا ہے۔

مجھے ایسی پالیسی بنانا ہے جس سے کسانوں کو نقصان نہ ہو، کسان کارڈ کے ذریعے براہ راست کسانوں تک پہنچ رہے ہیں، کسان کارڈ کیلئے 12 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں،جب ہم نے گندم نہیں خریدی تو ہمیں اپنوں اور غیروں سے باتیں سننی پڑیں، آٹا مہنگا ہونے کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج غیرملکی مہمان آرہےہیں اور اعتماد بحال ہورہا ہے، میں پنجاب کوبدلتا ہوا دیکھ رہی ہوں، جلد ہی ڈیزل اور پیٹرول سے چلنے والے ٹیوب ویلز کو سولرائزڈ کرنے جارہے ہیں، پہلے مرحلے میں سات ہزار کو سولرائزڈ کریں گے تاکہ بجلی کا بل کم ہوسکے ۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست اور گالم گلوچ سے لوگوں کے پیٹ نہیں بھرتے، عملی کام کرنے پڑتے ہیں، تحریک انتشار کے دور میں اسٹاک ایکسچینج ڈوب رہی تھی مگر آج 90 ہزار پر ہے، آج نواز شریف کی حکومت کے باعث معیشت ترقی کررہی ہے اور مہنگائی نیچے آئی۔