لاہور: دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں صبح سویرے لاہور کا پہلا نمبر آگیا، اسموگ کے باعث آج سے لاہور میں اسکولوں کے اوقات تبدیل کردیے گئے۔
محکمہ اسکولز ایجوکیشن کے مطابق لاہور میں سرکاری و نجی اسکولوں میں تدریسی عمل صبح 8 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوگا، اوقات کار کا اطلاق آج (28 اکتوبر 2024) سے 31 جنوری 2025 تک ہوگا، بچوں کی اسمبلی کلاس روم میں ہوگی اور ہر قسم کی آٹ ڈور سرگرمیاں معطل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ ماحولیات پنجاب نے اسموگ کے باعث اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کی ایڈوائس دی تھی۔لاہور میں 31 جنوری 2025 تک ہر قسم کی آتشبازی پر بھی سخت پابندی ہوگی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام اسموگ سے بچنے کیلئے ماسک اور دیگر حفاظتی تدابیر اختیار کریں، گھروں کی کھڑکیاں، دروازے بند رکھیں اور زیادہ دیر کھلی جگہوں پر نہ رہیں۔