کراچی میں نمی کا تناسب 56 فیصد تک پہنچ گیا، ہیٹ ویو جیسی صورتحال

41

کراچی:شہر قائد میں پیر کے روز نمی کا تناسب  56 فی صد تک جانے سے ہیٹ ویو جیسی صورت حال رہی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پیر کے دن کراچی میں موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہا اور ہوا میں نمی کا تناسب 56 فی صد تک جانے سے گرمی اصل درجہ حرارت کے مقابلے میں بہت زیادہ محسوس کی گئی، جس سے شہریوں نے ہیٹ ویو جیسی صورت حال کا سامنا کیا۔

شہر میں شدید گرمی کی وجہ سے اکتوبر کے مہینے میں جون جولائی کے جیسی گرمی دیکھنے کو مل رہی ہے، جس کی وجہ گزشتہ چند دنوں سے بند سمندری ہواؤں کے جزوی طور پر بحال ہونے سے ہوامیں نمی کے تناؤ میں اضافہ ہونا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شہر میں دن بھر لو چلنے جیسی صورت حال رہی۔

یاد رہے کہ کراچی میں کچھ دنوں سے بلوچستان سے آنے والی گرم ہواؤں کی وجہ سے موسم خشک اور گرم محسوس کیا جا رہا ہے اور اس دوران نمی کا تناسب بھی کم تھا، تاہم جزوی طور پر سمندری ہوائیں بحال ہونے سے نمی کا تناسب زیادہ ہوگیا اور گرمی کی صورت حال شدید ہو گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر کے روز کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا، تاہم ہوا میں نمی بڑھنے کی وجہ سے درجہ حرارت 46 ڈگری تک محسوس کیا گیا۔