کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ریسٹورنٹ میں معمولی بات پر ہنگامہ آرائی

145

کراچی : تجاری شہر کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک پرائیویٹ ریسٹورنٹ میں معمولی بات پر سندھ کے سیکریٹری داخلہ کے اہل خانہ اور ایک اور خاندان کے درمیان مبینہ طور پر جھگڑا شروع ہوگیا جو ممکنہ قانونی کیس تک بڑھ گیا ۔

تاہم بعض شخصیات کی مداخلت کے بعد دونوں خاندانوں نے تھانے میں صلح کر لی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز VI میں واقع خیابان سحر پر واقع ایک نجی ریسٹورنٹ میں جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب بچوں میں لڑائی میں بڑوں نے مداخلت کر دی ۔

دونوں خاندانوں کی خواتین بھی اس لڑائی میں شامل ہوگئیں، اور ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں انہیں تھپڑوں اور گھونسوں کا تبادلہ کرتے دکھایا گیا ہے۔

پولیس ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ ملوث خاندانوں میں سے ایک ہوم سکریٹری کا ہے، پولیس کے اعلیٰ حکام ریسٹورنٹ پہنچے اور معاملات کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن دونوں خاندان نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمات درج کرنے پر اصرار کرتے رہے۔

بالآخر کچھ اہم شخصیات کی مداخلت کے بعد دونوں خاندانوں نے اپنا تنازعہ تھانے میں طے کر لیا، اور معاملہ حل ہو گیا۔ مبینہ طور پر میز سے کرسی اٹھائے جانے پر بحث شروع ہوئی تھی ۔