پی ٹی آئی میں عمران خان کے علاوہ کوئی دوسرا بلاک نہیں: عمر ایوب

109

لاہور : اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں عمران خان کے علاوہ کوئی دوسرا بلاک نہیں، ہم اپنے نظریے پر قائم ہیں، مصنوعی حکومت ملک کو نہیں چلاسکتی۔

لاہور میں انسداددہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف رہنما نے کہا ہے کہ توقع ہے نئے چیف جسٹس آف پاکستان صحیح طریقے سے فرائض ادا کریں گے، اس وقت ہمارے سیکرٹر ی جنرل سلمان اکرم راجہ ہیں، زین قریشی نے کوئی ووٹ نہیں دیا، ہمارے باقی ساتھیوں کو کمیٹی نے شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ 26 آئینی ترمیم کا طریقہ کار ہی غلط تھا، جس پارلیمنٹ میں ترمیم پاس ہوئی اس حکومت کا وجود ہی غلط ہے، یہ فارم 47 کی حکومت ہے، سینیٹ بھی مکمل نہیں، کے پی کی سیٹیں نہیں، خواتین کی سیٹوں پر الیکشن کمیشن نے ڈنڈی نہیں ڈنڈا مارا ہوا ہے۔

عمر ایوب نے کہا ہے کہ آپ ٹریکٹر کو موٹروے پر لگا دیں یا موٹروے کی گاڑی کو کھیت میں، چاروں ٹائر دونوں کے ہوتے ہیں لیکن کام مختلف ہوتے ہیں، مولانا فضل الرحمان بھی اپوزیشن کی پارٹی ہیں، ہم بھی اپوزیشن کی پارٹی ہیں، ہم تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ممبر ہیں۔