بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع

146

اسلام آباد:بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع ہوگئی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے توشہ خانہ کیس میں جعلی رسیدوں سے متعلق مقدمے میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں4 نومبر تک توسیع کردی۔

علاوہ ازیں عدالت نے بشریٰ بی بی کی ایک دن کے لیے حاضری سے استثنا کی درخواست بھی منظور کرلی۔

دریں اثنا عدالت نے عمران خان کی 3 کیسز میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 4 نومبر کو مقرر کرلی۔

عدالت میں سماعت کے موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی جیل سے رہائی کے بعد بیمار ہیں،  لہٰذا انہیں حاضری سے ایک دن کا استثنا دیا جائے، جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔