پاکستان کو ایشیائی ترقی بینک 2.75 بلین ڈالر قرض دے گا

119
approved a loan of 400 million dollars

اسلام آباد: پاکستان کے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے نئے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے حصول کے بعد دیگر عالمی مالیاتی اداروں سے بھی قرضے حاصل کرنے کی راہیں ہموار ہوگئی ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے بھی پاکستان کو مزید اربوں ڈالر قرض دینے پر اتفاق کرلیا ہے۔

حکومتی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کو اگلے چار سالوں میں بجٹ سپورٹ کے لیے 2.75 ارب ڈالر حاصل ہونے کی توقع ہے، جس میں مالی سال 2024-2025 کے دوران 80 کروڑ ڈالر بھی شامل ہیں۔ مزید برآں، آئندہ تین مالی سالوں میں اے ڈی بی کی جانب سے ہر سال 65 کروڑ ڈالر بجٹ سپورٹ ملنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق، “پاکستان کو مالی سال 2025-26 سے مالی سال 2027-28 تک ہر سال 65 کروڑ ڈالر بجٹ سپورٹ کے طور پر ملنے کی توقع ہے۔”

اس کے بعد دیگر بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جو آئندہ سالوں میں پاکستان کے لیے بہتر مالیاتی مواقع فراہم کرے گا۔

13 ستمبر کو، اے ڈی بی نے خیبرپختونخوا میں سڑکوں کی بحالی کے لیے 32 کروڑ ڈالر کا قرض منظور کیا، جس سے دیہی علاقوں میں محفوظ اور ہر موسم میں آمدورفت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اے ڈی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق خیبرپختونخوا میں دیہی سڑکوں کی ترقیاتی منصوبے کے تحت صوبے میں تقریباً 900 کلومیٹر طویل دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی جو سیلاب کی زد میں آتی ہیں اور خراب حالت میں ہیں ۔

وزیر اعظم کی قیادت میں موجودہ حکومت کی معیشت کو مستحکم کرنے کی کاوشوں کے پیش نظر، رواں ماہ کے آغاز میں سعودی آئل فیسلٹی (SOF) سمیت عالمی قرض دہندگان سے 3.2 ارب ڈالر کے قرض کا عزم بھی حاصل کرلیا گیا۔

قرض کے وعدوں میں سعودی عرب کی طرف سے 1.2 ارب ڈالر کا قرضہ، دبئی اسلامک بینک (ڈی آئی بی) سے 1 ارب ڈالر کے کمرشل قرضے، ایس سی بی سے 60 کروڑ ڈالر، اور اسلامک ڈویلپمنٹ بینک کی انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) کی سہولت سے تقریباً 43 کروڑ ڈالر شامل ہیں۔

یہ پیشرفت ستمبر میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے نئے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی منظوری کے بعد سامنے آئی، جس کے تحت 1.03 ارب ڈالر کی پہلی قسط بھی جاری کی گئی۔