اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔ یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ1947ء کے المناک واقعات کی یاد دہانی کے طور پر کام کرتا ہے، جب بھارتی فوج نے سری نگر پر غیر قانونی طور پر حملہ کیا، یہ ظلم و جبر، نظر بندیوں، کی طویل تاریخ کا آغاز ہے، اس کے بعد سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے، پاکستان بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف احتجاج کرنے اور عالمی برادری سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت اپنے وعدوں کا احترام کرنے پر زور دینے کے لیے یوم سیاہ منا رہا ہے، بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ارتکاب کرتا رہتا ہے اور کشمیر کی زمین اور وسائل پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لیے جابرانہ قوانین نافذ کرتا ہے۔ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت پر ان سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے دبائو ڈالے اور مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کی فوری ضرورت پر زور دے۔