ہم نے دیوالیہ ہونے والی معیشت کو سنبھالا دیا، احسن اقبال

89

نارووال (صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی سیاست کو بیرون ملک چوکوں چوراہوں پر برے انداز میں پیش کرکے اپنے ملک کی بدنامی کا باعث بننا کہاں کی حب الوطنی ہے۔ انٹرنیشنل کانفرنسز کا اسلام آباد میں کامیاب انعقاد حکومت کی بہتر خارجہ پالیسی کے باعث ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمیٹی میں کلین گرین نارووال پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ میں اپنے مخالفین سے یہ کہتا ہوں کہ آئیں ترقی میں ہمارا مقابلہ کریں، ترقی یہ نہیں کی آپ بیرون ملک طوفان بدتمیزی برپا کریں آپ کی اس حرکت کی وجہ سے بیرون ملک پاکستان کا نام بدنام کرنے کے علاوہ اور کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا، اپنے ملک کی سیاست کو بیرون ملک چوکوں چوراہوں میں برے انداز میں پیش کرکے اپنے ملک کی بدنامی کا باعث بننا کہاں کی حب الوطنی ہے، تبدیلی اس کا نام نہیں تبدیلی تعلیم، صحت، کاروبار کے مواقع مہیا کرنا اور کھیلوں کے مواقع مہیا کرنا ہوتا ہے۔