حیدر علی حیدر انتقال کر گئے

19

سماجی تنظیم سائبان کے جنرل سیکرٹری اور ممتاز ادبی شخصیت این ایل ایف کراچی کے سابق سیکرٹری اطلاعات حیدر علی حیدر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ حیدر علی حیدر معروف ٹریڈ یونینسٹ، سماجی و ادبی شخصیت اور قیدیوں کی بھلائی کے لیے جدوجہد کے علمبردار تھیاور بنگلہ دیش میں پھنسے محصورین کے لیے بھرپور طریقے سے جدوجہد کرتے تھے۔ حیدر علی حیدر ماضی میں ٹریڈ یونین تحریک (نیشنل لیبر فیڈریشن) سے سرگرم طور پر وابستہ رہے این ایل ایف کراچی کے سابق صدر رفیق احمد خان کے دور میں سیکرٹری اطلاعات کی خدمات سر انجام دی۔ وہ این ایل ایف کراچی کے سابق سینئر نائب صدر چاند خان کے صاحبزادے تھے اور پاکستان اسٹیل مل میں سابق افسر تعلقات عامہ اور اسٹیل ملز کے ترجمان ماہنامہ الحدید کے ایڈیٹر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے چکے تھے۔حیدر علی حیدر جیلوں میں قیدیوں ، خصوصاً پاک و ہند کے مظلوم ماہی گیروں کی فلاح وبہبود اور قیدیوں کے حقوق کے بڑے علمبردار تھے۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے سائبان ویلفیئر ایسوسی ایشن قائم کی تھی اور ہزاروں ماہی گیروں کو انہوں نے رہائی دلوائی۔ ڈیڑھ ماہ قبل ان کے نوجوان صاحبزادے شہنشاہ علی خان قائد آباد کے قریب ڈاولینس کمپنی سے گھر واپس آتے ہوئے ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہو گئے۔ ان کے صاحبزادے ڈاؤلینس ریفریجریشن کمپنی میں ملازمت کرتے تھے اور ان کے بیٹے کی دو سالہ ایک بیٹی بھی تھی۔ حیدر علی حیدر اپنے جواں سالہ بیٹے کی ناگہانی موت کا صدمہ برداشت نہیں کر سکے اور حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ جامع مسجد حنفیہ چشتیہ تیز گام گراؤنڈ بابر مارکیٹ لانڈھی میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے جنرل سیکرٹری محمد قاسم جمال، ممتاز شاعر احمد خیال، پاسلو یونین کے سابق جنرل سیکرٹری ظفر خان ،عتیق احمد، نعیم قریشی، یوسی چیئرمین سرفراز انصاری ودیگر نے شرکت کی بعدازاں مرحوم کو اپنے والد چاند کے پہلو میں اسماعیل گوٹھ قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمان سواتی، سینئر نائب صدر سید نظام الدین شاہ ،ظفر خان ،شاہد ایوب خان، سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ ،جنرل سیکرٹری محمد عمر شر،کراچی کے صدر خالد خان ،جنرل سیکرٹری محمد قاسم جمال،لانڈھی ٹاؤن کے چیئرمین عبدالجمیل خان، ناظم علاقہ لانڈھی عبد الرحمن ودیگر نے حیدر علی حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کی دعا کی ہے اور لواحقین کو صبر جمیل کی تلقین کی ہے۔