کارکنوں کی بہبود کا فنڈ (WWF)، صنعتی کارکنوں کا سچا رفیق

59

ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت صنعتی کارکنوں اور ان کے گھرانے کی صحت کی دیکھ بھال کے لیے اب تک 84 منصوبے مکمل ہوچکے ہیں اور دو منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اس فلاحی منصوبہ کے تحت۔ 1،255،000 کارکن اور ان کے اہل خانہ صحت کی دیکھ بھال اور علاج و معالجہ کی سہولیات سے مستفید ہوئے ہیں۔جبکہ اضافی منصوبوں میں2،391 ملین روپے کی لاگت سے میڈیکل اور ریسکیو کے آلات،صاف پانی کی فراہمی اور متفرق منصوبے مکمل کیے گئے ہیں اور مزید 12 منصوبوں پر کام جاری ہے۔
ورکرز ویلفیئر فنڈ(WWF) کے دیگر فلاحی منصوبوں کے تحت دوران کار وفات پاجانے والے 12،567 کارکنوں کے اہل خانہ کو 8 لاکھ روپے فی کس کی شرح سے وفات امداد (Death Grant)ادا کی گئی ہے۔جبکہ کارکنوں کی 131،777 بچیوں کی شادی خانہ آبادی کے موقعہ پر انہیں چار لاکھ روپے فی کس کی شرح سے شادی امداد(Marriage Grant) بھی تقسیم کی گئی ہے اور معذور کارکنوں کو آمد ورفت میں سہولت کے لیے 386 تین پہیہ والی سائیکلیں فراہم کی گئیں۔ ہر صوبہ کی بنیاد پر غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے دو کارکنوں کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں 48 کارکنوں کو ایک لاکھ روپے مالیت کے ’’سالانہ فضیلت ایوارڈ‘‘سے نوازا گیا۔ ملک کے بعض حصوں میں قدرتی آفت زلزلہ سے متاثرہ صنعتی کارکنوں میں 50 ہزار روپے فی کس کی شرح سے مالی امداد فراہم کی گئی۔اسی طرح وزیر اعظم کے سیلاب فنڈ میں ایک ارب روپے کی خطیر رقم عطیہ کی گئی تھی۔ جبکہ2011ء میں صوبہ سندھ کے سیلاب زدگان میں 50 ملین روپے کی غذائی اشیاء کا عطیہ فراہم کیا گیا تھا۔
ورکرز ویلفیئر فنڈ(WWF) ملک میں کارکنوں کی بہبود کا ایک انتہائی قابل فخر ادارہ ہے کہ جس نے گزشتہ 5دہائیوں کے دوران ملک کے ہزاروں کارکنوں اور ان کے گھرانوں کو سر چھپانے کی سہولت سے لے کر ان کے بچوں کی تعلیم، ذہین بچوں کے لیے تعلیمی وظائف، پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی، علاج و معالجہ کی سہولیات، بچیوں کی شادی کے موقع پر خطیر مالی امداد اور کارکن کی ناگہانی موت صورت میں ان کے بے سہارا لواحقین کو خطیر مالی امداد فراہم کر کے خود کو صنعتی کارکنوں کا ایک سچا ہمدرد اور رفیق ثابت کیا ہے۔
ورکرز ویلفیئر فنڈ (WWF) کا صدر دفتر اسلام آباد میں واقع ہے۔ فنڈ نے کارکنوں کو درپیش شکایت کے فوری ازالہ کے لیے اسلام آباد میں ایک شکایتی پورٹل قائم کیا ہوا ہے۔ جہاں ای میل complaint@wwf.gov.pk کے ذریعہ شکایت ارسال کی جاسکتی ہے۔اس کے علاوہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے فون نمبر 9106174-051 یا واٹس ایپ نمبر 0311-2851699پر بھی شکایت درج کرائی جاسکتی ہے مزید معلومات کے لیے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی ویب سائٹ www.wwf.gov.pk ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔
(ختم شد)