کشمیر کی آزادی قومی ایجنڈا ہے،پروفیسرمحبوب الزماں بٹ

46

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)کشمیرپربھارتی قبضہ کے77سال مکمل ہونے پر ملک بھرکی طرح فیصل آباد میںبھی جماعت اسلامی نے یوم سیاہ منایا اور مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے چنیوٹ بازار چوک میں ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ ، سردار ظفر حسین ، خالد محمود چودھری ، میاں اعجازحسین،ملک معراج الدین اوردیگرکی قیادت میں مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محبوب الزماں بٹ نے کہاکہ آج کا دن منانے کامقصدبھارت اور عالمی دنیاکویہ پیغام دینا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی قبضہ کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔27اکتوبر 1948ء کے دن کشمیر میں بھارت کی مسلح افواج داخل ہوئیں اور ریاست جموں و کشمیر کے بڑے علاقے پر غیر قانونی اور غاصبانہ قبضہ کرلیا۔ اس دن کی مناسبت سے پوری دنیا میں 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ مظلوم کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دیے بغیر بھارت کے ساتھ تعلقات معمول پر نہیں لائے جاسکتے۔ جب تک مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت 5 اگست 2019ء سے پہلے والی پوزیشن پر بحال نہیں ہوتی، اس وقت تک بھارت کے ساتھ تجارت، تعلقات کی بحالی کی باتیں بانیانِ پاکستان کے دیرینہ اُصولی مؤقف سے روگردانی اور کشمیری شہدا کے خون سے غداری کے مترادف ہے۔کشمیر کی آزادی قومی ایجنڈا ہے جس سے انحراف کرنے والوں کو قوم ایک لمحہ کیلئے برداشت نہیں کرے گی ۔کشمیر کازسے غداری کرنے والے سابق حکمران نشانہ عبرت بن چکے ہیں،موجودہ حکمران بھی اپنا انجام ذہن میں رکھیں ،عوام پاکستانی حکمرانوںکو بھارت کی دہلیز پر نہیں جھکنے دیں گے۔انہوں نے کشمیری قیادت اور کشمیری عوام کو بھارتی ظلم و استبداد کے آگے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہنے پر نہایت شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ خون کے آخری قطرے تک پاکستانی قوم ان کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی سیاسی، اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل تنازعہ کشمیر کا مسئلہ ہے ،جسے حل کئے بغیر تعلقات کی بحالی کے مصنوعی اقدامات سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم نہیں ہوسکتی ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت 9 لاکھ سے زائد بھارتی افواج کے مظالم کا سامنا کرتے کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، اس جدوجہد میں پوری پاکستانی قوم ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ ر ہے گی۔