جدہ: وفاقی وزیر برائے سمندرپار پاکستانیزچوہدری سالک حسین کو مبارکباد

145
چوہدری سالک حسین

جدہ میں پاکستانی کمیونٹی نے سمندرپار پاکستانیز کی جائیداد کے تنازعات کے حل کے لیے خصوصی عدالت کا بل ایوانِ بالا سے منظورہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ایوانِ بالا نے اسٹیبلشمنٹ آف سپیشل کورٹ (اوورسیز پاکستانیز پراپرٹی) ایکٹ 2024 منظور کر لیا ہے۔ جو سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک تاریخی قانون سازی ہے۔ یہ بل وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے پیش کیا۔ یہ ایکٹ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیداد کے تنازعات کے فوری اور موثر حل کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس بل کے تحت خصوصی عدالت کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی جدید آلات بشمول ای فائلنگ کے ذریعے درخواستیں دائر کر سکیں گے۔ خصوصی عدالت پاکستان کے ہائی کمیشن کی نگرانی میں ویڈیو لنکس یا دیگر قانونی طور پر قابل قبول طریقوں کے ذریعے ثبوت پیش کرنے کی اجازت دے گی۔ خصوصی عدالت میں دائر مقدمات کا 90 دن کے اندر فیصلہ کیا جائے گا جس سے بر وقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ بر وقت انصاف کی فراہمی کے زریعے سمندر پار مقيم پاکستانیوں کے مفادات کا تحفظ ممکن ہو پائے گا۔ یہ عدالت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مفادات کے تحفظ اور جائیداد کے تنازعات کو موثر طریقے سے حل کرنے کے لیے حکومت کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔